لاہور: بجلی کی تار سے کرنٹ لگنے کے باعث 5 سالہ بچہ جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

بجلی
(فوٹو: اے آر وائی)

لاہور کے علاقے ہئیر میں بجلی کا ٹوٹا ہوا تار گرنے سے کرنٹ لگنے کے باعث 5 سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ بجلی کی فراہمی کے ادارے لیسکو کی غفلت اور کھلی تاروں کے باعث پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق 5 سالہ علی حسن گلی میں کھیل رہا تھا کہ اسے بجلی کا کرنٹ لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کی جان چلی گئی۔ واقعے کے بعد مشتعل علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی مین لائن کا پرانا اور بوسیدہ تار ٹوٹ کر زمین پر گرا ہوا تھا۔ بجلی کے محکمے کو بارہا شکایات کے باوجود تار کو درست نہیں کیا گیا تھا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ قانونی کارروائی کے بعد بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔جاں بحق ہونے والے بچے کے لواحقین اور مقامی افراد نے لیسکو کے خلاف نعرے بازی کی اور سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق لیسکو ریجن میں 6 ماہ کے دوران تاریں گرنے کے باعث 12 سے زائد اموات رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ ماہرین کا ماننا ہے کہ بچوں کو بارش کے موسم میں بجلی کے تاروں سے بچانے کی ذمہ داری والدین پر بھی عائد ہوتی ہے۔

Related Posts