اسلام آباد پولیس نے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے قاتل کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے ایریا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر ایئرفورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم طارق خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہوئے۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نے گزرتے ہوئے دیکھا موٹر سائیکل سوار ایک خاتون کا ہاتھ کھینچ رہا تھا، گروپ کیپٹن عاصم واپس آئے تو لڑکی ان کی طرف آگئی۔
ملزم سعد نے گروپ کیپٹن عاصم سے بدکلامی کی اور پھر فائر کردیا، جس سے گروپ کیپٹن عاصم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ ملزم موقع واردات سے فرار ہوگیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلام آباد میں خاتون کو بچاتے ہوئے پاکستان ایئرفورس کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہید عاصم طارق کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








