پاکستان میں جان بچانے والی 52 نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت رواں ماہ ان ادویات کی قیمتیں مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر صحت، وزارت خزانہ کے حکام اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات طے ہے، جس میں نئی ادویات کی قیمتوں اور زیر التوا ہارڈ شپ کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق اس ملاقات کا مقصد 52 نئی ادویات اور تقریباً 100 ہارڈ شپ کیسز سے متعلق حکومتی حمایت اور حتمی منظوری حاصل کرنا ہے تاکہ ادویات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکے۔
جن بیماریوں کے لیے نئی ادویات کی منظوری دی گئی ہے، ان میں کینسر، ذیابیطس، ہیموفیلیا، آٹو امیون امراض، انتہائی نگہداشت (ICU)، سنگین انفیکشنز، خون کی بیماریوں اور ہنگامی طبی علاج میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ پالیسی بورڈ، پرائسنگ کمیٹی اور کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی پہلے ہی 52 نئی ادویات کی منظوری دے چکی ہیں، جبکہ ان کی زیادہ سے زیادہ قیمتوں کا تعین بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔ کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد ڈریپ باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








