کراچی: 7سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا کیس، مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

7 سالہ
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے علاقے منوڑہ میں کیماڑی گیٹ نمبر ایک کے قریب سمندر سے 7 سالہ بچی دعا کی لاش ملنے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق بچی کے قتل کے مرکزی ملزم کو ایک پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔ 

تفصیلات کے مطابق 7سالہ بچی کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مرکزی ملزم کو کارروائی کے آخری مرحلے میں پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت جیکسن کے علاقے بابا بھٹ کی رہائشی دعا کے نام سے ہوئی، جو ایک روز قبل لاپتا ہوگئی تھی۔ تفتیش کے دوران ملزم کی شناخت 21 سالہ بابو ولد پیر محمد کے نام سے ہوئی، جو پولیس کے مطابق مقتولہ کا ہمسایہ تھا۔

حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر بچی کی لاش ایک تھیلے میں رکھی، کشتی کے ذریعے اسے ماڑی پور منتقل کیا اور بعد ازاں ایک خالی پلاٹ میں جھاڑیوں کے اندر پھینک دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی۔ بعد ازاں خفیہ اطلاع پر مبارک مسجد کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں پولیس کے مطابق ملزم نے فائرنگ کردی۔ پولیس نے بتایا کہ جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد بابا بھٹ کے رہائشیوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جزیرے کے کسی بھی قبرستان میں ملزم کی تدفین کی اجازت نہیں دیں گے۔بچی کی وفات پر علاقے کی فضا سوگوار ہے اور عوام مشتعل نظر آتے ہیں۔

Related Posts