راولپنڈی: لاپتا 6 سالہ بچی کی تلاش کا دوسرا روز، نالہ لئی میں سرچ آپریشن وسیع کر دیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

بچی لاپتہ
(فوٹو: وی نیوز)

راولپنڈی میں لنڈا بازار اور کمیٹی چوک کے قریب لاپتا ہونے والی 6 سالہ بچی کی تلاش کیلئے ریسکیو 1122 نے دوسرے روز بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق آج گوالمنڈی سے موتی محل کے آگے نالہ لئی کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ واٹر ریسکیو ٹیمیں لائن سرچ، نالے کے کناروں کی تلاشی اور تفصیلی تلاش کے ذریعے بچی کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق 6 سالہ بچی اپنے والد عمیر علی کے ہمراہ لنڈا بازار میں ایک دعوت میں شرکت کیلئے آئی تھی۔ رات تقریباً اڑھائی بجے جب والد دیگر بچوں کو گاڑی میں بٹھا رہے تھے تو بچی اچانک لاپتا ہو گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے بچی قریبی نالے میں گر گئی ہو، تاہم اب تک اس کی کوئی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔

اطلاع موصول ہونے کے بعد واٹر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور نالہ لئی سمیت گرد و نواح میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ریسکیو کے مطابق گزشتہ روز ممکنہ مقام سے موتی محل پل تک تقریباً 4 کلومیٹر علاقے میں لائن سرچ مکمل کی گئی، تاہم اندھیرا ہونے کے باعث آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سرچ آپریشن روکے جانے پر بچی کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ آپریشن فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے۔  راولپنڈی کے بوہڑ بازار میں سینکڑوں شہری جمع ہوئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بچی کی تلاش میں ناکامی اور غفلت ناقابل قبول ہے۔

تاہم ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آج سرچ آپریشن کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے اور بچی کی بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بچی کی گمشدگی سے متعلق تمام ممکنہ پہلوؤں پر تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related Posts