لاہور کے ٹریفک وارڈن کی جڑواں بیٹیوں نے میٹرک کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے یکساں 1183، 1183 نمبر حاصل کرکے سب کو حیران کردیا۔
دونوں بہنوں کے والد ٹریفک وارڈن جبکہ والدہ اسکول ٹیچر ہیں۔ نتائج سامنے آنے پر والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ دونوں بچیوں کو ان کی محنت کا صلہ بھی ایک جیسا ملا ہے۔
اس موقع پر جڑواں بہنوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے والدین پر فخر ہے، ہمارے والدین نے ہماری تعلیم اور کامیابی کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔
بچیوں کے والد نے بتایا کہ بیٹیوں کی تعلیم میں کسی قسم کا حرج نہ ہو، اس مقصد کے لیے انہوں نے چونیاں میں اپنا گھر چھوڑ کر قصور شہر منتقل ہونے کا فیصلہ کیا اور کرائے کے مکان میں رہائش اختیار کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کی بہتر تعلیم کے لیے گھر سے دور منتقل ہونا آسان فیصلہ نہیں تھا، تاہم آج بیٹیوں کی شاندار کامیابی دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ان کی محنت اور قربانی کا صلہ مل گیا ہے۔
جڑواں بہنوں کی یکساں محنت، یکساں کامیابی اور عین یکساں 1183 نمبر حاصل کرنے کی خبر نے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








