ستھرا پنجاب پروگرام کے ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، تنخواہوں کے متعلق بڑا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے تحت کام کرنے والے تمام صفائی ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ کمپنیوں سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق ماہانہ رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ لاہور میں ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے حوالے سے منعقدہ خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا سخت نوٹس لینے کی ہدایت کی اور کنٹریکٹرز کے بقایا جات بھی جلد ادا کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال اور ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صفائی ورکرز کے حقوق کے تحفظ، فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنانے اور صفائی کے معیار میں بہتری لانے پر زور دیا۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں اور تجارتی علاقوں میں یکساں ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، جبکہ تجارتی مراکز سے کوڑا اٹھانے کے لیے مخصوص اوقات کار مقرر کیے جائیں۔

انہوں نے سڑکوں اور شاہراہوں کی روزانہ صبح 5 بجے سے دھلائی اور صفائی شروع کرنے، خالی پلاٹوں کی صفائی اور گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے کا نظام مؤثر انداز میں نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں، اسپتالوں، ریلوے ٹریکس، پارکوں، گرین بیلٹس، منڈیوں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ ’ستھرا پنجاب‘ کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ پوائنٹس کی باقاعدگی سے دھلائی کی ہدایت بھی کی گئی۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو کنٹریکٹرز اور واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Related Posts