وفاقی حکومت نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ای سی سی اجلاس کی صدارت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں اکنامک کوآرڈی نیشن کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ کی زیرصدارت اقتصادی کمیٹی کا یہ ورچؤل اجلاس وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا۔
ای سی سی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اجلاس کے دوران وزارت پیٹرولیم کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا جس میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز کے مارجن پر نظر ثانی کی گئی تھی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ بعد ازاں ای سی سی نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی سمری منظور کرلی۔
مارجن میں کتنا اضافہ ہوا؟
وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیلرز مارجن 8روپے 64 پیسے سے بڑھا کر 9 روپے 98 پیسے کردیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو بھی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تائید کردی۔ ای سی سی اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت ڈیلرز مارجن میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








