واٹس ایپ پر 13 ہزار روپے انعام کا میسج آئے تو فوراً محتاط ہوجائیں

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان میں یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو نشانہ بنانے والا “13 ہزار روپے نقد انعام” کا نیا آن لائن فراڈ سامنے آگیا، جس پر نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے عوام کے لیے اہم سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق فراڈ کرنے والے عناصر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعے جعلی پیغامات بھیج رہے ہیں، جن میں شہریوں کو 13 ہزار روپے نقد انعام جیتنے کا جھانسہ دے کر خطرناک لنکس پر کلک کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے لنکس پر کلک کرنے یا اپنی ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات یا دیگر حساس ڈیٹا درج کرنے سے مالی نقصان، اکاؤنٹس ہیک ہونے اور ذاتی معلومات چوری ہونے کا شدید خطرہ موجود ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ یا مشکوک لنک پر ہرگز کلک نہ کریں، ایسے پیغامات کا جواب نہ دیں اور نہ ہی انہیں دوسروں کو فارورڈ کریں۔

شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ مشکوک پیغام موصول ہونے کی صورت میں اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کریں، بھیجنے والے نمبر کو بلاک کریں اور متعلقہ پلیٹ فارم پر رپورٹ بھی کریں۔

قومی سائبر ٹیم نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک ویب لنک یا یو آر ایل کو کھولنے سے قبل اس کی تصدیق نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم کے آفیشل “فش ریڈار (Phish Radar)” پورٹل کے ذریعے ضرور کریں تاکہ آن لائن فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔

Related Posts