راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز میں درج حنا جاوید قتل کیس کو پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ہائی پروفائل کیس قرار دے دیا ہے۔ مقدمے کی مؤثر قانونی پیروی، تفتیش کی نگرانی اور شواہد کے جائزے کے لیے سینئر پراسیکیوٹرز پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے مقدمے کی پیروی کے لیے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر راولپنڈی میاں عمران رحیم کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر دفتر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں پولیس اور پراسیکیوشن حکام نے تفتیشی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں ایس پی پوٹھوہار عصر علی، ڈی ایس پی محمد شکیل، ایس ایچ او سول لائنز آصف سجاد اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر رحمان شوکت بھٹی شریک ہوئے۔ حکام نے دستیاب شواہد، تفتیشی ریکارڈ اور مقدمے کی قانونی کارروائی پر تفصیلی غور کیا۔
حکام کے مطابق تفتیش کو مزید سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھانے، تمام ممکنہ شواہد جمع کرنے اور کسی بھی اہم پہلو کو نظر انداز نہ کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








