پنجاب اسمبلی نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ حکومتی رکن احسن رضا کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں بجلی کے بحران اور عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایک مخصوص طبقے کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جا رہا ہے، جبکہ عام شہری لوڈشیڈنگ اور مہنگے بجلی بلوں کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بجلی کے شارٹ فال میں اضافے کے باعث پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں کے شہریوں کے مطابق بجلی کی بندش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کا بجلی شارٹ فال 1200 میگاواٹ سے تجاوز کرچکا ہے جبکہ ملک میں مجموعی بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے، جبکہ آر ایل این جی کی فراہمی میں مشکلات کے باعث توانائی بحران مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔ تاہم دن کے اوقات میں سولر بجلی کی پیداوار کے باعث شارٹ فال میں کچھ کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








