پاکستان سمیت 8اسلامی ممالک نے اسرائیلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے جس میں اسرائیلی فوج کی حفاظت میں آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے کی واشگاف الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، اردن، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جھنڈا لہرانا اور آبادکاروں کی یلغار بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
تمام اسلامی ممالک نے اپنے اعلامیے میں مقبوضہ مشرقی القدس میں تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی حیثیت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزرا اور اشتعال پسند گروہوں کی جارحیت نفرت انگیزی کو ہوا دے رہی ہے۔
اسلامی ممالک کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ مقبوضہ فلسطین کے عالمی مسئلے کے دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والی اسرائیلی کارروائیاں ناقابلِ قبول ہیں۔ اسرائیل فوری طور پر بیت المقدس کے قدیم شہر تک رسائی پر پابندیاں ختم کرے۔
مشترکہ اعلامیے میں اسرائیل سے مسجد اقصیٰ کے پورے احاطے پر مسلمانوں کی عبادت کا خصوصی حق تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ بیت المقدس یا اسلامی و مسیحی مقدس مقامات پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اردن کی ہاشمی سرپرستی اور محکمہ اوقاف کی قانونی حیثیت کا احترام کیا جائے۔ عالمی برادری اسرائیل کو مقدس مقامات کی بے حرمتی سے روکے۔ اسلامی و مسیحی مقدس مقامات کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








