کیماڑی تفتیشی پولیس نے موچکو کے علاقے میں ایک شخص کو قتل کرکے اس کی لاش جلانے کے معاملے میں ایک خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو مقتول فیضان عرف فیضی کے قتل کے سلسلے میں پنجاب کے ضلع لیہ میں ایک بڑے آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ فیضان کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو آگ لگا دی گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول ملزمان کا داماد تھا، جسے اپریل میں قتل کرنے کے بعد اس کی لاش مکمل طور پر جلا دی گئی تھی۔ بعدازاں جلنے والی باقیات کی شناخت فیضان کے طور پر ہوئی۔ واقعے کے بعد ابتدا میں موچکو تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد ذمہ دار افراد کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔
تحقیقاتی ٹیم نے تکنیکی ذرائع اور جدید تفتیشی طریقوں کو استعمال کرتے ہوئے پہلے ہی دو ملزمان، نور زمان کے بیٹے اکرم اور اکرم کے بیٹے عطااللہ کو گرفتار کرلیا تھا۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزمان سیکیورٹی ایجنسی کے اہلکار جان عباس اور اس کی اہلیہ سمرین واقعے کے بعد فرار ہوکر روپوش ہوگئے تھے۔
موچکو کی تحقیقاتی ٹیم نے تکنیکی شواہد کی مدد سے جوڑے کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ گرفتاریاں انسپکٹر ارشد تنولی کی نگرانی میں ضلع لیہ میں عمل میں لائی گئیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








