فیصل آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بینک کی گولڈ فنانس اسکیم میں 5 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد کے مبینہ فراڈ کا انکشاف کرتے ہوئے بینک کے کیشئر اور منظور شدہ سنار کو گرفتار کر لیا، جبکہ مجموعی طور پر تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق بینک کی گولڈ فنانس اسکیم کی جانچ پڑتال کے دوران سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ بینک کے 17 تھیلوں میں رکھا گیا سونا غائب تھا، جبکہ متعدد گولڈ لون کیسز میں جعلی اور کم وزن سونا گروی رکھ کر قرضے جاری کیے گئے۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ فراڈ سے 107 گولڈ لون اکاؤنٹس متاثر ہوئے، جس کے باعث بینک کو 5 کروڑ 33 لاکھ 62 ہزار روپے سے زائد کا مالی نقصان پہنچا۔
ایف آئی اے نے مقدمہ منظور شدہ سنار طاہر محمود، بینک کے کیشئر محمد ارشد اور عبدالرزاق کے خلاف درج کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور دورانِ تفتیش دیگر ممکنہ ملوث افراد کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








