پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق جنوبی افریقی کرکٹر مائیکل اسمتھ کو 2 سال کی مدت کیلئے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ 46 سالہ مائیکل اسمتھ کو 2 سال کے معاہدے پر بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ریڈ بال اور وائٹ بال، دونوں فارمیٹس میں پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
جنوبی افریقہ کے مایہ ناز کھلاڑی مائیکل اسمتھ نے اپنے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی20 کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 29 رنز اسکور کیے، جن میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
اپنے تاریخ ساز کیرئیر کے دوران دائیں ہاتھ کے بلے باز مائیکل اسمتھ نے 2003 سے 2013 کے درمیان 89 فرسٹ کلاس، 72 لسٹ اے اور 16 ٹی20 میچز کھیلے، لیول 4 کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تین فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے کوچنگ اسٹاف کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ مائیکل اسمتھ آسٹریلیا کی ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے بیٹنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ کوچنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے جنوبی افریقہ کی ‘کے زیڈ این اِن لینڈ’ اور ‘ایسٹرن پروونس’ ٹیموں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق مائیکل اسمتھ 19 اگست سے شروع ہونے والی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔اسپورٹس تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مائیکل اسمتھ کی بطور کوچ تقرری ملکی کرکٹ کیلئے مثبت فیصلہ ثابت ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








