سائبر سیکیورٹی ماہرین نے Roblox صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ہیکرز Xeno Executor نامی مقبول تھرڈ پارٹی ٹول کے جعلی ورژن کے ذریعے میلویئر پھیلا رہے ہیں۔ یہ جعلی انسٹالر صارفین کی ذاتی معلومات چرانے کے ساتھ ہیکرز کو متاثرہ کمپیوٹر کا ریموٹ کنٹرول بھی فراہم کر سکتا ہے۔
سائبر سیکیورٹی کمپنی Bitdefender کے مطابق یہ مہم رواں سال کے آغاز سے جاری ہے۔ ہیکرز جعلی Xeno Installer کو گیمنگ فورمز، Discord اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایسے ٹول کے طور پر پیش کرتے ہیں جسے Roblox شناخت نہیں کر سکتا، جس کے باعث کئی صارفین اس کے جھانسے میں آ جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صارف جیسے ہی xeno.exe فائل چلاتا ہے، میلویئر فعال ہو کر ہیکرز کے سرور سے رابطہ قائم کرتا ہے۔ یہ Chrome، Edge، Brave، Opera اور دیگر براؤزرز سے محفوظ شدہ پاس ورڈز، کوکیز اور حساس معلومات چرا سکتا ہے جبکہ Discord، Roblox، Minecraft، Microsoft Store اور کرپٹو والیٹس کو بھی نشانہ بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ میلویئر کی بورڈ کی سرگرمی ریکارڈ کرنے، اسکرین شاٹس لینے، ویب کیم تک رسائی حاصل کرنے اور کمپیوٹر کو مکمل ریموٹ کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ Bitdefender نے اسے Powercat میلویئر کا جدید ورژن قرار دیتے ہوئے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ صرف سرکاری اور قابلِ اعتماد ذرائع سے ہی سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








