منشیات سے کروڑوں کمانے والی انمول پنکی تین کیسز میں بری کیسے ہوئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پنکی
(فوٹو: آن لائن)

شہر قائد کی مقامی عدالت نے مبینہ طور پر منشیات سے کروڑوں کمانے اور کوکین کوین کہلانے والی منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کو گزری تھانے میں درج تین منشیات کے مقدمات میں بری کر دیا، کیونکہ استغاثہ ملزمہ کے خلاف کافی شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ساؤتھ نے پنکی کی تینوں مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ سماعت کے دوران پنکی کی وکیل انعم کوثر نے مؤقف اختیار کیا کہ شریک ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں، اس لیے پنکی کو سزا دلوانے کا کوئی معقول امکان باقی نہیں رہا۔

وکیل صفائی انعم کوثر کے مطابق علی اور فہمیدہ کو 2024 میں بری کر دیا گیا تھا، جبکہ پنکی کو بڑی حد تک شریک ملزمان سے منسوب کیے جانے والے بیانات کی بنیاد پر مقدمات میں ملوث کیا گیا تھا۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے ان کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر وہ کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کر دیا جائے۔

خیال رہے کہ انمول پنکی کے خلاف یہ تینوں مقدمات 2020 سے 2022 کے درمیان گزری تھانے میں درج کیے گئے تھے۔پنکی کو 12 مئی 2026 کو کراچی کے گارڈن کے علاقے میں پولیس اور ایک وفاقی انٹیلی جنس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

کراچی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انمول پنکی کے قبضے سے تقریباً 1.5 کلوگرام کوکین، ایک 9 ایم ایم پستول اور کوکین کی تیاری میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والے کیمیکلز برآمد ہوئے۔حکام نے ملزمہ پر ایک منظم منشیات نیٹ ورک چلانے کا الزام عائد کیا ہے اور انہیں منشیات، اسلحے، اقدامِ قتل اور قتل سمیت کئی مقدمات سے منسلک کیا تاہم، یہ الزامات عدالت میں تاحال ثابت نہیں ہوئے۔

جمعرات کو تین مقدمات میں بری ہونے کے باوجود پنکی کو دیگر مقدمات میں کارروائی کا سامنا ہے، جن میں گارڈن تھانے میں درج ایک منشیات کا مقدمہ اور بغدادی تھانے میں درج ایک اور مقدمہ بھی شامل ہے۔

Related Posts