پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، گوگل نے ملک بھر کے طلبہ کو گوگل جیمنائی (Google Gemini) کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔

گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت (AI) کی سہولیات تک مفت رسائی فراہم کرنا اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوگل کے منصوبے وزیراعظم شہباز شریف کے اس وژن کے مطابق ہیں جس کے تحت پاکستان کو آئی ٹی برآمدات کا اہم مرکز بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں گوگل نے پاکستان میں 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا، جبکہ تقریباً 9 لاکھ 60 ہزار ملازمتوں کو بھی سپورٹ ملی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں گوگل کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر گوگل کے 9 رکنی وفد سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے حکومت کے “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” وژن، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے پاکستان میں گوگل کے مستقل دفتر کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Related Posts