کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل سے متعلق کیس میں دریافت کی گئی 2 گھنٹے 17 منٹ کی نئی سی سی ٹی وی ویڈیو نے کیس کی تفتیش کا رخ موڑ دیا ہے، جسے کیس کی تفتیش میں سب سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج لاش برآمدگی کے مقام کے قریب سے ریکارڈ کی گئی جس کا دورانیہ 2 گھنٹے 17 منٹ پر محیط ہے جو 28 اور 29جولائی کی درمیانی شب ایسے مناظر کا احاطہ کرتی ہے جو پولیس کی تفتیش پر نئے سنگین سوالات کو جنم دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فوٹیج میں مشکوک افراد اور موٹر سائیکلز دیکھی جاسکتی ہیں اور لاش برآمدگی کے مقام کے قریب پولیس موبائل کی موجودگی بھی ثابت ہوتی ہے۔ فوٹیج میں رات 3بج کر 35 منٹ سے 3 بج کر 37 منٹ تک 2 مشکوک موٹر سائیکلز لاش برآمدگی کی جگہ کے قریب دیکھی گئیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل نرسری کے قریب ہیڈ لائٹ کی روشنی بدلتی نظر آئی جبکہ رات 4بج کر 50 منٹ پر ایک مشکوک شخص اسی علاقے میں ٹہلتا ہوا نظر آیا۔ صبح 5بج کر 8 منٹ پر پولیس موبائل کی نیلی اور پیلی بتیاں آن لوگئیں اور 5بج کر 45 منٹ پر ایک باوردی پولیس اہلکار کو بھی کیمرے میں دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں صبح 5بج کر 52 منٹ پر پولیس موبائل روانہ ہوتی نظر آتی ہے لیکن صرف 5 منٹ بعد 5بج کر 57 منٹ پر یہی گاڑی رانگ سائیڈ سے واپس آجاتی ہے اور پھر صفورہ چورنگی کی طرف نکل جاتی ہے۔ تشویشناک طور پر لاش کے قریب اتنی دیر موجود رہنے والی پولیس موبائل اور اس کے اہلکاروں سے تاحال کوئی تحقیقات نہیں کی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








