کراچی میں ای چالان کے نام پر شہریوں کو رعایت کی خوشخبری دی گئی مگر عملی طور پر چالان جمع کروانے والوں کو مختلف صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
معروف نیوز اینکر پرسن وجیہ ثانی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان پر 50 فیصد رعایت اور پہلے چالان کے حوالے سے ایسی معلومات دی جا رہی ہیں جو ادائیگی کے وقت شہریوں کے لیے الجھن کا باعث بن رہی ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کےایک ذمہ دارافسرنےرابطہ کیا
اورتسلیم کیاکہ چالان پر لفظ ختم غلط لکھاہےاور غلطی تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے بھی غلطی سے کہہ دیاتھا کہ پہلا چالان waive offہوجائےگا۔
اصل لفظ موخر لکھاہونا چاہئے۔
ہم غلطی تسلیم کرتے ہیں۔
آپ پچھلا اور حالیہ چالان بھردیں https://t.co/wi5TPpRZm4— Wajih Sani (@wajih_sani) August 16, 2026
وجیہ ثانی کے مطابق انہیں دوسرا چالان موصول ہوا جس پر واضح طور پر درج تھا کہ چالان ملنے کے 14 روز کے اندر ادائیگی کی صورت میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چالان پر رعایت کا ذکر دیکھ کر وہ ادائیگی کے لیے گئے تاہم وہاں معاملہ کچھ اور نکلا اور انہیں اضافی رقم کے حوالے سے بتایا گیا۔
ان کے مطابق جب انہوں نے 1915 پر فون کرکے صورتحال دریافت کی تو بتایا گیا کہ موجودہ چالان کے ساتھ گزشتہ چالان کی رقم بھی ادا کرنا ہوگی۔یعنی ایک چالان کے بجائے دونوں چالانوں کی ادائیگی لازم قرار دی گئی جس سے پہلے چالان کی معافی یا رعایت کے دعوے پر سوال پیدا ہوگیا۔
وجیہ ثانی کا کہنا ہے کہ بعد ازاں کراچی ٹریفک پولیس کے ایک ذمہ دار افسر نے ان سے رابطہ کیا اور اعتراف کیا کہ چالان پر ختم یا معافی کے مفہوم والا لفظ غلط درج ہوگیا ہے۔ افسر کے مطابق یہاں موخر کا لفظ ہونا چاہیے تھا اور محکمہ اپنی اس غلطی کو تسلیم کرتا ہے۔
وجیہ ثانی کے مطابق متعلقہ افسر نے یہ بھی وضاحت کی کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے پہلے چالان کے ’waive off‘ یعنی معاف کیے جانے کی بات بھی غلطی سے کہی گئی تھی جبکہ اصل میں پہلے چالان کو موخر کیا جانا تھا۔ افسر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سابقہ اور موجودہ دونوں چالان ادا کیے جائیں۔
کراچی میں چالان کی الجھن، پنجاب میں آن لائن ریویو کی سہولت
دوسری جانب پنجاب میں ای چالان سے متعلق شہریوں کی مشکلات دور کرنے کے لیے آن لائن ریویو کا نظام موجود ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی ہے کہ اگر انہیں غلط ای چالان موصول ہو تو وہ گھر بیٹھے اس کے خلاف نظرثانی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
السلام علیکم! صبح بخیر
غلط ای چالان موصول ہوا؟ اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ای چالان ریویو کی آن لائن سہولت فراہم کر دی ہے۔ ویب سائٹ پر لاگ اِن کریں، ریویو سیکشن میں جا کر اپنے ثبوت اپ لوڈ کریں۔ اگر چالان غلط ثابت ہوا تو 24 گھنٹوں… pic.twitter.com/sD7mFsH6tc— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) August 3, 2026
آن لائن ریویو کے لیے شہری متعلقہ ویب سائٹ پر لاگ اِن کرکے ریویو سیکشن میں جا سکتے ہیں اور اپنے دعوے کے ثبوت بھی آن لائن اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ حکام کے مطابق اگر جانچ پڑتال کے بعد چالان غلط ثابت ہوجائے تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ریویو کی سہولت صرف حقیقی شکایات کی صورت میں استعمال کی جائے اور بلاوجہ یا غلط معلومات کی بنیاد پر چالان ختم کرانے کی کوشش نہ کی جائے۔
کراچی میں شہری ایک طرف چالان پر رعایت اور پہلے چالان کے حوالے سے وضاحت کے منتظر ہیں تو دوسری جانب پنجاب میں غلط ای چالان کی صورت میں شہریوں کو آن لائن ریویو کے ذریعے اپنی شکایت اور ثبوت پیش کرنے کا راستہ فراہم کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








