لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ڈیجیٹل چالان ادا نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف سخت اقدامات کی تجویز سامنے آگئی ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری سہولیات معطل کیے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو ارسال کیے گئے خط میں سفارش کی ہے کہ ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان پر بھی وہی پابندیاں عائد کی جائیں جو پہلے سے ای چالان کے نادہندگان پر نافذ ہیں۔
تجویز کے مطابق ڈیجیٹل چالان کی عدم ادائیگی پر شناختی کارڈ کے اجرا، پاسپورٹ کی پراسیسنگ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور دیگر متعلقہ سہولیات عارضی طور پر روک دی جائیں۔
خط میں مزید سفارش کی گئی ہے کہ نادہندگان کو خدمت مراکز سے کریکٹر سرٹیفکیٹ، کرایہ داری رجسٹریشن، گاڑی کی تصدیق، ڈومیسائل اور پیدائش کے سرٹیفکیٹ جیسی سہولیات بھی چالان کی ادائیگی تک فراہم نہ کی جائیں۔
چیف ٹریفک آفیسر نے ڈیجیٹل چالان کا ریکارڈ نادرا سے منسلک کرنے اور ون ایپ میں زیر التوا چالانز کی مکمل تفصیلات شامل کرنے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ واجبات کی وصولی مؤثر بنائی جا سکے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد مزید بہتر ہو۔
واضح رہے کہ یہ فی الحال ایک تجویز ہے، جس پر حتمی منظوری یا نفاذ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








