کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز 2 میں چوروں کے ایک مبینہ گروہ نے دکان کے تالے توڑ کر تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے گاڑیوں کے رِمز اور ٹائر چوری کرلیے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر دکان کے تالے توڑے اور بڑی تعداد میں رِمز اور ٹائر لے کر موقع سے فرار ہوگئے۔ واردات کے بعد پولیس نے چوری میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا۔
حکام کے مطابق پولیس نے کارروائی کے دوران شاہ لطیف ٹاؤن سے ایک ایسی گاڑی برآمد کرلی جس میں مبینہ طور پر چوری کیا گیا سامان لدا ہوا تھا۔ پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک مشتبہ ملزم کو بھی گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور چوری شدہ رِمز و ٹائروں کی برآمدگی سمیت مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








