کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وائرس سے متاثرہ مویشیوں کی ویکسینیشن کیلئے حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ نے بھینس کالونی اور دیگر علاقوں میں بھینسوں اور گائے میں جلد کی بیماری پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے بیماری کی جلد تشخیص کرکے فوری ویکسینیشن تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے مراد علی شاہ نے محکمہ لائیو اسٹاک سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لائیواسٹاک کی ٹیمز ڈیری فارمز والوں سے ملیں اور انکی مدد بھی کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بھینس کالونی اور دیگر علاقوں میں بھینسوں اور گائے میں جلد کی بیماری پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیری فارمرز اطمینان رکھیں، صوبائی حکومت ان کی مدد کرے گی۔
مزید برآں ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ نے وفاقی حکومت کو جانوروں میں جلد کی بیماری کے حوالے سے رپورٹ ارسال کی ہے، وفاقی حکومت اگر نوٹی فکیشن جاری کرے گی تو محکمہ لائیواسٹاک کو سندھ حکومت کی جانب سے وبا سے متعلق مناسب رہنمائی ملے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ابھی تک اس وبائی بیماری سے متعلق کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جس نے سندھ کے بہت سے فارمز کو متاثر کیا ہے، وائرس کے باعث خاص طور پر کراچی کی مویشی منڈی میں واقع ڈیری فارمرز میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جو اس بیماری سے لاعلم ہیں جس کی وجہ سے دودھ کی پیداوار میں بہت کمی ہورہی ہے بلکہ بعض صورتوں میں اس وائرس کے باعث جانوروں کی ہلاکتیں بھی ہو رہی ہیں۔