اسرائیلی فوج نے لبنان کے 2 الگ الگ مقامات پر حملے کرکے 8 شہریوں کو شہید کردیا ہے۔ صیہونی فوج غزہ کی خون آلود تاریخ دہراتے ہوئے نہتے اور بے یارومددگار لبنانی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک حملہ جنوبی لبنان میں کیا جہاں عدلون ہائی وے کے علاقے میں ایک گاڑی ڈرون حملے کا نشانہ بن گئی۔ خوفناک حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنانی شہر صوف میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 2 مزید لبنانی شہریوں نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔ دونوں واقعات کے نتیجے میں لبنان میں مجموعی طور پر 8 شہری جاں بحق ہوگئے۔
لبنان پر جاری ظلم و ستم کے دوران اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں ایک خاتون اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے لبنان کے شہر صور سے تمام شہریوں کو فوری طور پر نکل جانے کی وارننگ جاری کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل غزہ میں بھی اسرائیل نے مسلسل حملے کرکے 75 ہزار سے زائد مظلوم فلسطینیوں کو شہید کیا جن کی مدد کیلئے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار عالمی سماجی کارکنان اور رہنماؤں کو بھی اغوا کرکے زبردست تشدد کا نشانہ بنایا گیا جن میں فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








