کمالیہ: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ تیار کرتے وقت حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر مالی دباؤ کو کم سے کم رکھا جائے اور اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ ٹیکسوں میں بڑے اضافے کے بجائے حکومت کی توجہ ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانے اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر مرکوز ہوگی تاکہ آمدن میں بہتری آئے۔
گفتگو کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسی یہی ہے کہ عام شہریوں کو زیادہ ریلیف دیا جائے اور مہنگائی کی شرح کو کم کرنے کیلئے مسلسل اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشی دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں اور کامیابیوں کو مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو تنقید کے بجائے ملک کے معاشی استحکام کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہیے، جبکہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، اور بعض کاشتکار 60 سے 70 من فی ایکڑ تک پیداوار حاصل کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








