اقوامِ متحدہ نے قیدیوں پر جنسی تشدد کے الزامات کے باعث ایران جنگ کا آغاز کرنے والے اسرائیل کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر جنگ زدہ علاقوں میں قیدیوں اور زیر حراست افراد پر جنسی تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ نے امریکا کے حمایت یافتہ ملک اسرائیل کو بلیک لسٹ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق صیہونی ریاست ان ممالک اور اداروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے جن پر تنازعات کے دوران جنسی تشدد کے الزامات عائد ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل پر تنازعات کے دوران جنسی تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ بلیک لسٹ کیے گئے اداروں میں اسرائیلی جیل اتھارٹی سمیت دیگر ادارے بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے سامنے آنے والی اقوامِ متحدہ کی رپورٹ میں جنگی حالات میں قیدیوں اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ، ایران جنگ اور پھر لبنان پر جاری حملوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔
خاص طور پر یکطرفہ الزامات کی بنیاد پر غزہ میں 75 ہزار افراد کو جس طرح شہید کیا گیا اور پھر ایران پر حملے کا آغاز کرکے آبنائے ہرمز کی بندش سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کو جس معاشی تباہی کی جانب دھکیلا گیا، عالمی تجزیہ کار اس پر امریکا اور اسرائیل دونوں کو جوابدہ سمجھتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








