عمران خان کا اپنے قتل کی پلاننگ پر بیان، حکومت انکوائری کیلئے تیار ہے۔رانا ثناء اللہ

تازہ ترین

تازہ ترین

رانا ثناء اللہ
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کے اپنے قتل کی پلاننگ پر بیان اور ویڈیو کی انکوائری کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان کہ مجھے قتل کرنے کی سازش ہوئی ہے اور میں نے ویڈیو بیان جاری کردیا ہے، امریکا سازش جیسا ہی دوسرا فراڈ بیانیہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

ایک ویڈیو میں میرے قتل کی سازش کا ذکر ہے، عمران خان

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اس قسم کے ڈرامے کرنے کا ماہر ہے۔ امریکی سازش کا ڈرامہ کچھ دن چل کر مدھم پڑ گیا تھا، اس لیے اس نے نیا ڈرامہ چلانے کی کوشش کی۔ ان کا بیان ایف آئی آر کے طور پر لیا جاسکتا ہے۔

بیان میں وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اگر عمران خان نے یہ بیان دیا ہے تو حکومت اس کی انکوائری کیلئے تیار ہے۔ ہم یہ تحقیقات کسی دیانتدار افسر کے ذمے لگا دیتے ہیں۔ ہمیں گواہی اور ثبوت فراہم کریں۔ انکوائری ہوگی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اس میں کوئی حقیقت ہے یا فراڈ، انکوائری سے پتہ چل جائے گا۔ جیسے انہوں نے امریکا سازش کا بیانیہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے چلایا، مجھے یقین ہے، یہ فراڈ ہے۔ ایسا کچھ نہیں ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں لیکن ان کو پرائم منسٹر کی سکیورٹی دی جارہی ہے۔ اگر ایسی کوئی چیز ہے تو حکومت کے علم میں لائیں۔ ویڈیو دکھائیں، سب کچھ واضح ہوجائے گا۔ 

Related Posts