ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید0.35کا اضافہ ہوگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کے لئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، ملک بھر میں مہنگائی میں 0.35 فیصد اضافہ کے بعد مجموعی شرح 27.13 فیصد پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ 35 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر، پیاز، چینی، پتی، دودھ سمیت 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزیداضافہ ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 5.12 روپے کا اضافہ ہوا، فی کلو ٹماٹر کی قیمت 200 روپے اور پیاز کی فی کلو قیمت 135 روپے تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق 8 سو گرام کا نمک کا پیکٹ بھی 1.9 روپے مہنگا ہو کر 41.17 روپے کا ہو گیا، پسی ہوئی دو سو گرام سرخ مرچ کا پیکٹ 86 پیسے مہنگا ہوا ہے۔پیاز کی فی کلو قیمت میں 8 پیسے، چینی فی کلو 16 پیسے مہنگی ہوئی، فی درجن کیلا کی قیمت میں 3.44 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہی نہیں حالیہ ہفتے دال مسور، دال چنا، دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی، دال ماش کی قیمت 372 روپے ریکارڈ ہوئی، فی کلو قیمت میں 6.58 روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے،دال مسور کی فی کلو قیمت میں 10.61 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، فی کلو قیمت 281.45 روپے ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیس کلو آٹے کا تھیلا 1552.29 روپے سے کم ہو کر 1521.96 روپے کا ہوگیا، مٹن، گڑ، واشنگ سوپ سمیت 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

مزید پڑھیں:ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید کم ہوگئی

اڑھائی کلو گھی کا ٹن 26.12 روپے سستا ہوا، ٹن کی قیمت 2788 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، بیس کلو آٹے کا تھیلا اور آلو کی فی کلو قیمت میں بھی کمی ہوئی۔

Related Posts