اسلام آباد: پیپلز پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر ہم بھارت کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو جمہوریت میں بھی کرنا چاہئے جہاں نگراں سیٹ اپ نہیں آتا۔ لگتا ہے وزیرا عظم شہباز شریف جشنِ آزادی منا کر جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ متعدد ممالک میں انتخابات جمہوری حکومتیں ہی کرواتی ہیں۔ کہیں بھی نگراں سیٹ اپ انتخابات منعقد نہیں کرواتا لیکن ہم بھارت کی مثالیں دیتے ہیں۔ بھارت میں آر ٹی ایس بند نہیں ہوتا۔
ہمارے بڑے ہمارے لیے بھی مشکل سیاسی کیرئیر چاہتے ہیں۔بلاول
گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہاں نہ کوئی اغوا ہوتا ہے نہ بیلٹ بکس چوری ہوتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کے نتائج فوری آئیں۔ اگر نتائج ایک گھنٹہ بھی لیٹ ہوئے تو ہوسکتا ہے کہ ووٹوں کی گنتی میں زیرو آگے پیچھے ہوجائے جبکہ ووٹنگ سسٹم پر عوام کے کروڑوں روپے لگے ہوئے ہیں۔
پی پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کو الیکشن سے نہیں بھاگنا چاہئے۔ لوگ ووٹ دیتے ہیں یا نہیں، یہ ان کا کام ہے۔ یہ چیز ہمارے ہاتھ میں تھی کہ ہم جلدی الیکشن کراتے لیکن ہم اس میں ناکام ہوچکے ہیں کیونکہ ہم نے اپنے بٹن کسی اور کے ہاتھ میں دے دئیے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک میں بے یقینی کی فضا ختم کرانے کیلئے صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ الیکشن کا بر وقت نہ ہونا افسوسناک ہے۔ مردم شماری پر سندھ کے کچھ تحفظات تھے جو دور کردئیے گئے۔ بلوچستان کی کچھ جماعتوں کے تحفظات اب بھی موجود ہیں۔
بلوچستان کی آبادی بہت کم دکھائی گئی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر کل وزیر اعلیٰ یہ کہتے ہیں کہ ہم نے پریشر میں آکر مردم شماری کے حق میں ووٹ کیا تو غلط کہیں گے۔ اگر کل وہ کہتے ہیں کہ پریشر تھا، میں ان کا دفاع نہیں کروں گا۔ میری رائے یہ ہے کہ نگراں وزیر اعظم سیاستدان کو ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم ایسا ہونا چاہئے جو صاف و شفاف الیکشن کرائے، آرٹی ایس کا سوئچ آف نہ ہونے دے۔ تمام پارٹی سربراہان کو علم ہے کہ نگراں وزیر اعظم کیلئے کس کس کے نام سامنے آئے۔محسوس ہوتا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے دو چار دن لگیں گے۔شہباز شریف جشنِ آزادی منا کر جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








