کراچی: سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت کے دستخط نہ کرنے کے بیان نے ثابت کردیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نااہل ترین شخص ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدر عارف علوی نے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کے نہیں، ٹائیگر فورس کے صدر ہیں جس نے آخری وقت میں انگلی کٹوا کر شہیدوں میں نام شامل کیا۔
شہباز شریف کا دورۂ برطانیہ، نواز شریف سے ملاقات آج ہوگی
بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اب عارف علوی کو کیوں خیال آیا، اسے ملک کے خلاف گہری سازش سمجھتا ہوں۔موجودہ صدرِ مملکت کا کردار ماضی میں بھی متنازعہ رہا اور آج پھر انہوں نے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ صدرِ مملکت نے 2 بلز پر دستخط نہ کیے جانے کا انکشاف کیا ہے جس پر ملک بھر میں قانونی بحث چھڑ چکی ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عارف علوی کے ٹویٹ نے ثابت کردیا کہ یہ نااہل ترین شخص ہیں۔
گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں صدرِ مملکت عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ اور پاک آرمی ترمیمی بلز 2023 پر دستخط نہ کرنے کا انکشاف کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ان کے عملے نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بلز کو واپس بھیج دیا گیا ہے، تاہم بلز روک لیے گئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








