ٹی سی ایف کس طرح پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم فراہم کررہا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

THE CITIZENS FOUNDATION ایک ایسا ادارہ ہے جو  غریب بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم  فراہم کرر ہا ہے۔ ٹی سی ایف کا اسکول ہمیشہ ہی کسی پسماندہ علاقے میں اپنی خدمات سرانجام دیتا دکھائی دیتا ہے۔

آج سے 28  سال پہلے  1995 میں  5 دوستوں نے مل کر اس   ادارے کی بنیاد رکھی تھی اور اس وقت کراچی کے حالات خوش گوار نہیں تھے  انہوں نے سوچا کہ ایسا کیا کریں کہ لوگوں کے اندر بدلاؤ لا یا جا سکے تو انکو لگا کہ تعلیم ایک ایسی چیز ہے جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

ان 5 دوستوں نے مل کر شروع میں 5 اسکول بنائے تھے اور اس وقت پورے پاکستان میں 1833 اسکولز منظم طریقے  سے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں۔

صرف کراچی کی ہی بات کی جائے تو 300 سے ذیادہ اسکولز یہاں موجود ہیں ۔ سب سے اہم بات اس ادارے کی یہ ہے کہ انکا اسکول کبھی بھی کسی پوش علاقے میں نہیں ملتا ہمیشہ کسی پسماندہ علاقے میں ہی اپنی خدمات سر انجام دیتا دکھائی دیتا ہے۔

اس وقت ٹی سی ایف میں 2 لاکھ 80 ہزار طالبعلم تعلیم حاصل کررہے ہیں  اور 55 ہزار طالبعلم یہاں سے میٹرک کر کے نکل چکے ہیں۔ نصاب کی بات کریں تو ٹی سی ایف بھی وہ ہی نصاب  فالو کرتا ہے جو کسی بھی دوسرے بڑے  پرائیویٹ اسکول میں پڑھایا جارہا ہے ۔ پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک ٹی سی ایف  کی اپنی کتابیں ہیں اور اس کے بعد ٹی سی ایف  فیڈرل بورڈ کو فالو کرتا ہے۔  

تعلیمی معیار کی بات کی جائے  تو یہ ادارہ کسی بھی بڑے پرائیویٹ اسکول کو ٹکر دے سکتا ہے۔ یہا ں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کاؤنسلنگ بھی کی جاتی ہے ان کو آگے بڑھانے کے لئے  ہنر بھی سکھایا جاتا ہے۔ اگر کبھی کوئی بچہ کسی مسئلے کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ برقرار نہ رکھ سک رہا ہوتو باقاعدہ طور پر اسکے والدین سے بیٹھ کر بات کی جاتی ہے انکا مسئلہ سلجھانے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ بچے کو واپس اسکول لایا جاسکے۔

ہمارے ملک میں لڑکیوں کی تعلیم کو اہمیت نہیں دی جاتی لیکن یہ ایک ایسا ادارہ ہے جہاں  اس چیز کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ طلباوطالبات کی تعداد  برابر ہو کیونکہ تعلیم حاصل کرنا سب کا بنیادی حق ہے۔

اس ادارے میں جتنی بھی اساتذہ ہیں وہ سب خواتین ہیں اور جن علاقوں میں یہ اسکولز واقع ہیں وہاں  تک ان ٹیچرز کو لانے لے جانے کے لئے باقاعدہ ٹرانسپورٹ کا سسٹم بھی موجود ہے۔ کراچی میں ٹی سی ایف کا ایک کالج بھی ہے جس میں 400 بچے زیر تعلیم ہیں اسکے علاوہ بھی مزید کالجز بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

علاوہ ازیں سندھ حکومت کے ساتھ ٹی سی ایف کا ایک معاہدہ چل رہا ہے جس کے مطابق ٹی سی ایف مزید 500 اسکولز تعمیر کروائے گا جس میں جگہ اور تعمیری خرچہ ٹی سی ایف کا ہوگا لیکن ان اسکولوں کو چلانے کی سبسڈی سندھ حکومت دے گی۔

Related Posts