اسلام آباد: نگران وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ ایران میں ہلاک دہشت گردوں کے لواحقین اسلام آباد میں موجود ہیں۔ ماہ رنگ بلوچ بے نقاب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ ایران میں فوجی آپریشن کے دوران پاکستانی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں، جس سے لاپتہ افراد کا شور مچانے والی ماہ رنگ بلوچ بے نقاب ہوئی۔
پریس کانفرنس کے دوران جان اچکزئی نے کہا کہ مسلح فورسز نے ملکی سلامتی چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا جبکہ قوم اور اہلِ بلوچستان فوج کے شکر گزار ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ آرمی کے ایران آپریشن سے بھارتی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوا۔ اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کا ڈرامہ کرنے والے میر جعفر بے نقاب ہوگئے۔ اسلام آباد میں بلوچ خواتین کا بھارت میں تیار کردہ ڈرامہ فلاپ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں خود بے نقاب ہوئی۔ ایران میں مرنے والے دہشت گردوں کے لواحقین اسلام آباد کیمپ میں ہیں۔ماہ رنگ بلوچ اور سہولت کار بھی قومی اداروں اور فورسز کو بدنام کر رہے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








