اسلام آباد: قومی اسمبلی کی 99 نشستیں آزاد امیدواروں نے جیت لیں جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بالترتیب 72اور 53نشستوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج تاحال مکمل نہ ہوسکے تاہم اب تک جاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن واضح ہوچکی ہے۔ آزاد امیدوار 99، ن لیگ 72 جبکہ پیپلز پارٹی 53نشستیں جیت چکی ہے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ قومی اسمبلی میں 17نشستیں اپنے نام کرکے قومی اسمبلی کی تیسری مضبوط ترین پارٹی بن کر ابھری ہے۔ جے یو آئی اور ق لیگ نے 3، 3 نشستیں جیت کر چوتھی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
قومی و صوبائی اسمبلی دونوں سے ناکام ہونے والے جہانگیر ترین کی استحکامِ پاکستان پارٹی نے قومی اسمبلی کی 2 جبکہ مجلسِ وحدت المسلمین نے 1 نشست اپنے نام کی۔ پارٹی پوزیشن واضح ہونے کے بعد حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ (ن) حکومت سازی کیلئے متحرک ہے۔ سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے علاوہ خالد مقبول صدیقی سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








