اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ مہنگائی گزشتہ ایک برس میں ہوئی ہے، حکومت کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ پی ٹی آئی ایم ایف ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ان کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے، موجودہ دور حکومت میں مہنگائی اور غربت مزید بڑھ گئی ہے اور ہرطبقہ پریشان ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بےبس پارلیمنٹ میں مہنگائی پربحث ہورہی ہے، حکومت کی خالی نشستوں سے بحث کی اہمیت کا اندازہ ہورہا ہے، عوامی نمائندے معاشی قتل پر خاموش نہیں رہ سکتے، عوام کو ریلیف دو ورنہ گھر جانا پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پوری سیاست کسی آئی ایس آئی چیف کی مہربانی ہے اور جب سے یہ حکومت آئی ہے ہر طبقہ پریشان ہے، مہنگائی نے اس ملک کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مان لیں وہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ ہیں انہیں گھر جانا پڑے گا، سب کو نظر آ رہا ہے جب حکومت آئی تب مہنگائی تھی مگر اب بہت بڑھ گئی ہے، حکومت کے آنے سے بے روزگاری بھی بہت بڑھ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آگاہ کریں کہ ان کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی،حکومت اپنے ٹیکس اہداف بھی پورے نہیں کرپا رہی اور غریب عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کا بجٹ عوامی نہیں بلکہ پی ٹی آئی ایم ایف ہے جبکہ حکومت بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرناچاہتی ہے، حکومت کی پالیسیاں عوام دشمن ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں قرض نہیں لوں گااور قرض لیا تو خودکشی کر لوں گا، ہم خود کشی کا مطالبہ نہیں کرتے لیکن یہ تو مان لیں کہ آپ غلط تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان پر غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








