پاکستان کی معروف مہم جو اور ٹریل رنر انعم عزیر نے ملک میں منعقد ہونے والی پہلی 100 کلومیٹر گلیات ماؤنٹین ٹریل الٹرا میراتھون جیت کر ایک نیا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
دشوار گزار پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور قدرتی خطرات سے بھرپور اس سخت مقابلے میں انعم عزیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے اپنی فتح پاکستان کی خواتین، خصوصاً خواتین رنرز کے نام کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی مشکل چیلنجز قبول کرتی رہیں گی۔
انعم عزیر نے بتایا کہ یہ مقابلہ آسان نہیں تھا،کیونکہ گلیات ٹریل رننگ میں موسم، آسمانی بجلی اور جنگلی حیات جیسے خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ ان کے مطابق ٹرائل رن کے دوران انہوں نے اپنے راستے کے قریب ایک تیندوہ بھی دیکھا تاہم اس تجربے کے بعد ان کا خوف ختم ہوگیا اور وہ اپنے مقصد پر قائم رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوہ پیمائی اور ماؤنٹین ٹریل رننگ الگ تجربات ہیں تاہم دونوں میں مسلسل فٹنس اور تیاری ضروری ہے۔
انعم عزیر کے مطابق وہ روزانہ ٹریننگ کرتی ہیں اور فٹنس کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ سمجھتی ہیں جبکہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے ایک بڑے چیلنج کا ارادہ رکھتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








