اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کراچی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے جن کی حفاظتی ضمانت کیلئے ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
ہائی کورٹ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی ڈویژن بینچ نے درخواست کی سماعت کی جس میں جسٹس محسن اختر کیانی بھی شامل ہیں، جبکہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم اور ریاست کے عزت دار شہری ہیں جن کی اسلام آباد ہائی کورٹ 12 مئی تک حفاظتی ضمانت پہلے ہی منظور کرچکی ہے جبکہ شاہد خاقان عباسی لاک ڈاؤن کے باعث احتساب عدالت کراچی حاضر نہیں ہوسکے۔
وکلاء نے عدالت سے درخواست کی کہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا کی تین ہفتے کی حفاظتی ضمانتیں منظور کی جائیں جس پر عدالت نے وکلاء کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے وکلاء کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکریٹری پٹرلویم ارشد مرزا کی 3 ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور فریقین کو ہدایت کی کہ مقررہ تاریخ پر دستاویزات کے ساتھ حاضر ہوں۔