لاہور: سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نواز شریف کی نواسی اور مریم نواز کی بیٹی کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے ہیں جنہیں ائیرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) رہنماؤں نے خوش آمدید کہا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچنے والے ڈاکٹر عدنان اور سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کی نواسی کو ہوٹل منتقل کیا گیا۔
قبل ازیں ڈاکٹر عدنان نے عارضی طورپر پاکستان آمد کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ واپس لندن جا کر سابق وزیرِ اعظم کی صحت کی دیکھ بھال کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر عدنان سمیت ن لیگی قیادت مسلسل سابق وزیرِ اعظم کی صحت پر کوئی رائے دینے سے اجتناب برتتی نظر آتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری کردئیے۔
پاکستان پر 3 بار وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حکمرانی کرنے والے میاں نواز شریف کو سابق صدر آصف علی زرداری اور ایک اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کے سمیت عدالت میں حاضری کا حکم دیا گیا تھا جبکہ توشہ خانہ کیس میں اومنی گروپ کے ڈائریکٹر عبدالغنی مجید کو بھی عدالت نے سماعت کیلئے حاضر ہونے کا حکم دیا۔
حکم جاری کیے جانے کے باوجود چاروں افراد میں سے صرف سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور ڈائریکٹر اومنی گروپ عبدالغنی مجید 2 روز قبل عدالت میں حاضر ہوئے جبکہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا گیا۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کی گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








