بن کباب کھانے کی روایتی اشیاء میں شمار ہوتا ہے، یہ بنیادی طور پر ایک برگر بن ہے جس میں کباب بھرا ہوتاہے اور اس میں تھوڑا سا میٹھا اور مسالہ دار چٹنی ، کٹے ہوئے پیاز ،کھیرا ، ٹماٹر اور گوبھی شامل ہوتی ہے۔
گلی گلی موجود لذیذبن کباب بھوک مٹانے کے ساتھ آپ کے خراب موڈ کو بھی خوشگوار بناسکتا ہے،کراچی کے شہری برسوں سے بن کباب سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ یہ ایک عام غذا ہے جو شہر میں ہر جگہ باآسانی دستیاب ہے۔کراچی کے بہترین بن کباب کا انتخاب قارئین کیلئے پیش خدمت ہیں۔
حاجی عدنان احمد بن کباب
کراچی میں کھانوں کیلئے سب سے مشہور جگہ برنس روڈ پر جائیں تو حاجی عدنان احمد کا بن کباب نہ کھائیں ایسا ممکن نہیں ہے، 69 سال سے بن کباب فروخت کرنے والی اس دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ ہماری چوتھی نسل ہے جو ہمارے صارفین کے لئے بن کباب تیار کررہی ہے ، لوگ مختلف علاقوں سے ہمارے خصوصی بن کباب کھانے آتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا معیار ہی ہماری پہچان ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے ہمارا معیار اور ذائقہ برقرار ہے یہی وجہ ہے کہ باذوق شہری دور دور سے بن کباب کھانے کیلئے آتے ہیں، پیاز اور چٹنی سے مزین ہمارے بن کباب 30 سے 60 روپے تک فی پلیٹ فروخت کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بن کباب کے شوقین 4 سے 5 پلیٹ بن کباب کھا جاتے ہیں۔ ہماری اصل توجہ ہماری حفظان صحت ہے ، جو ہم خود کھاتے ہیں وہی لوگوں کوپیش کرتے ہیں۔ حاجی عدنان بن کباب کی کوئی اورشاخ نہیں ہے۔
الجنت بن کباب
جمشید روڈ پر واقع الجنت بن کباب کی کراچی میں 4 شاخیں ہیں، ان کے کارکن کا کہنا ہے کہ ہم شہریوں کو صاف ستھری اور معیاری غذا کی صورت میں ذائقہ دار بن کباب پیش کررہے ہیں۔
ہماری چٹنی ہمارے بن کباب کی سب سے خاص چیز ہے جس کی وجہ سے لوگ دور دور سے بن کباب کھانے کیلئے آتے ہیں۔ ہمارے بن کباب کی ایک سنگل پلیٹ 30 روپے اور ڈبل پلیٹ 60 روپے میں فروخت ہوتی ہے۔
ہاؤس آف بن کباب
ڈی ایچ اے فیز 6 بھانت بھانت کے کھانوں کے حوالےسے اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے جبکہ ہاؤس آف بن کباب اس علاقے کی رونق کو دوبالا کردیتا ہے، ہاؤس آف بن کباب کے عملے کا کہنا ہے کہ دال، آلو اور چکن سمیت ہمارے پاس ہر ورایٹی موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ دال بن کباب کھانے کیلئے دور دور سے آتے ہیں۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں









