لاہور:مسلم لیگ (ن)نے پی،ٹی،ڈی،سی ملازمین کو نوکری سے نکالنے کی مذمت اور اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے سیاحت کے فروغ کا نعرہ لگا کر پی ٹی ڈی سی عملے سے نوکریاں چھین لی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے شمالی علاقہ جات میں پی ٹی ڈی سی کے تمام ہوٹلزبند کرکے ایک اوریوٹرن لے لیا۔وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینا تھیں، لیکن انہوں تو لاکھوں لوگوں کی نوکریاں چھین چکے ہیں۔
ترجمان ن لیگ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ ملازمین کو بیروزگار نہیں کریں گے، اصلاحات سے ادارے ٹھیک کریں گے آپ کی اصلاحات کہاں ہیں اور ملازمین کو بے روزگار کیوں کیا جارہا ہے۔
چترال، گلگت، سوات اور ناران میں سیاحوں کے ٹھہرنے کے لئے کوئی مقام باقی نہیں رہا، کیا یہ سیاحت کا فروغ ہے؟۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پی آئی اے اور روزولٹ ہوٹل کی طرح یہ قومی ادارہ اور اس کی قیمتی ترین زمین بھی چہیتوں کو بیچ رہے ہیں؟
کورونا سے پہلے ہی شدید بیروزگاری پھیلی ہے، اس کڑے وقت میں عوام کی مدد کے بجائے ان کو بیروزگار کرنا ظلم ہے، عمران صاحب نے پاکستان کو سویئزرلینڈ بنانے کا نعرہ لگایا اور سیاحت کے فروغ کا ادارہ ہی بند کردیا۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ چینی، آٹا، پیٹرول چور مافیا نے پورا ملک منجمد کردیا ہے چور، اچکے، ڈاکو، جھوٹے اور دہری شہریت والے ملک پر مسلط ہیں۔ہر بات میں عوام سے جھوٹ بولا جارہا ہے۔