صوبہ سندھ کے وزیرِ تعلیم و محنت سعید غنی آج صبح کراچی کے مختلف تعلیمی اداروں کے اچانک دورے پر پہنچ گئے ہیں جس سے اساتذہ اور طلباء دونوں حیران ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے آج صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا جن میں ناصرہ اسکول، بی وی ایس اسکول اور کراچی گرامر اسکول شامل ہیں۔
مذکورہ اسکولوں میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد جاری تھا جس پر وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اِس موقعے پر وزیرِ تعلیم نے اساتذہ کے ساتھ گفتگو بھی کی۔
وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ اگر والدین بچوں کو اسکول وین اور دیگر عوامی ٹرانسپورٹ کی بجائے اسکول خود چھوڑنے اور لینے کیلئے آئیں توکورونا کے خلاف بچوں کی صحت کیلئے بہتر ہوگا۔ والدین، اساتذہ اور ہم مل کر سب کچھ بہتر کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سندھ بھر میں ایس او پیز کے تحت پرائمری اور مڈل کلاسز دوبارہ کھول دی گئیں جس کے بعد معطل کیا گیا تعلیمی سلسلحہ بحال ہوگیا۔
چھ ماہ سے زائد وقفے کے بعد تمام سرکاری و نجی اسکول مڈل کلاسز تک آج دوبارہ کھل گئے، اسکولوں کے انٹری پوائنٹس پر ایس او پیز کی پابندی جاری ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں پرائمری اور مڈل اسکولز کھل گئے، تعلیم بحال
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








