لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 16 اکتوبر کو اپوزیشن کا جلسہ موجودہ نااہل حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔
لاہور میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر حکومت کو گھر بھیجنے کافیصلہ کیا ہے اور حزب اختلاف حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آٹے کی قیمت 80 روپے ، چینی 110 روپے فی کلو اور دوائیوں کی قیمتوں میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوگئے ہیں،حکومت کرائے کے ترجمانوں کو آگے کرکے سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی واضح کیا کہ پارٹی میں لوٹا کریسی کی کوئی جگہ نہیں ہے اور کسی بھی ایم پی اے یا ایم این اے کوپارٹی قیادت کے فیصلوں سے عدم اتفاق کی اجازت نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے حوالے سے صحیح وقت پر فیصلہ کرینگے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے نیب آفس تصادم کیس میں رانا ثناء اللہ ، کیپٹن (ر) صفدر اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 15 اکتوبر تک توسیع کردی۔