لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانوالہ کے جلسے کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہونے والی تمام سرکاری ملاقاتوں کا ایجنڈا پی ڈی ایم کا گوجرانوالہ کا جلسہ ہے ۔مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پی ڈی ایم کو جلسے سے روکنےکے لئے سڑکوں پر کنٹینر لگا رہی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کیخلاف بننے والے اپوزیشن اتحاد کی جانب سے ملک بھر میں جلسےاور ریلیاں نکالنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس کے تحت 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ جبکہ 18 اکتوبر کو اپوزیشن جماعتیں کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کریں گی۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز واضح طور پر اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھاکہ چاہے جتنے مرضی جلسے کریں لیکن انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی تاہم اب اپوزیشن کی جانب سے جلسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔