لاہور:پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عام آدمی کیلئے کچن چلانا مشکل ہوگیا، سبزیاں قوت خرید سے باہر ہو چکیں، حکمرانوں کو گھر نہ بھیجا گیا تو یہ غریبوں کا بھرکس نکال دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کی تقسیم کے خواب دیکھنا بند کردیں، پنجاب میں ترجمانوں کی اکھاڑ پچھاڑ ان کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتی ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت اپنے چہرے کے داغ ٹھیک کرنے کے بجائے آئینہ صاف کرنے پر لگی ہوئی ہے۔
محکمہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار حکومت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں کو آج پھر بڑا پیکج دیا گیا، غریبوں کیلئے انکے پاس کوئی سبسڈی نہیں۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایاز صادق کا بیان غلط بیانی کے زمرے میں آسکتا ہے تاہم غداری کے نہیں اور میں اسمبلی فلور پر غلط بیانی کے حق میں نہیں ہوں۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے ایک انٹرویومیں کہاکہ گلگت بلتستان میں عوامی جوش و خروش دیکھا ہے اور امید ہے کہ ہماری انتخابی مہم کامیاب ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیاب ہو گی کیونکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا گلگت بلتستان کے ہر علاقے میں بھرپور استقبال کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کے معاملے پر بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایاز صادق کا بیان کون سا قومی راز تھا جو افشاں ہو گیا تاہم ایاز صادق کا بیان غلط بیانی کے زمرے میں آسکتا ہے لیکن غداری کے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی فلور پر غلط بیانی کے حق میں نہیں ہوں تاہم قومی المیہ ہے ہر جگہ پر ہی غلط بیانیاں ہوتی رہتی ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے اپوزیشن کے مذاکرات کی توقع نہیں اور حکومت کی طرف سے تو کوئی مذاکراتی ایجنڈا نہیں آیا۔