اسلام آباد :وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کورونا کی دوسری لہر کے دوران عام آدمی پر اضافی دباؤ ڈالے بغیر اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کو جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایک ہی وقت میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور روزگار کو بچانا کورونا کے دوران حکومتی حکمت عملی کا خاصہ تھا۔حکومت دوسری لہر کے دوران بھی یہی حکمت عملی اپنائے گی تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے بعد مقامی صنعت کی جلد بحالی کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے جس کی وجہ سے دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں مقامی معیشت تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے مستقبل کی بہتر حکمت عملی کے ذریعے صنعتی شعبے کے لئے توانائی کی قیمتوں کا اعلان اگلے تین سال کے لئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ توانائی کی قیمتوں میں کمی اور کاروبار کی لاگت کو کم کرنا ملک میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے حکومتی اصلاحات کا حصہ ہے۔