اسلام آباد :حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ،نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے پی ڈی ایم کے اجلاس میں شرکت کرینگے۔
اجلاس میں بلاول بھٹوزرداری کے بیان اورملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا،اجلاس میں پی ڈی ایم کی آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی،22 نومبر کو پشاور میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے پر بھی غورکیا جائیگا۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی جانب سے قومی اداروں پر تنقید کی کھل کر مخالفت کے بعد اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔
بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ ہمیں انتظار ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورجنرل فیض حمید پر لگائے جانیوالے الزامات کا ثبوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک اتحاد ہے اور اس کا اپنا ایک ایجنڈا ہے تاہم پی ڈی ایم کا ہرگز یہ مطالبہ نہیں ہے کہ فوجی قیادت عہدے سے دستبردار ہو جائے۔