اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قادر بلوچ اور ثناء اللہ زہری نے پارٹی چھوڑنے کی جو وجوہات دی ہیں ان کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے فوج میں انتشار کی باتیں کر رہے ہیں فوج میں کوئی انتشار نہیں فوج ہماری ہے ہم فوج کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام موجودہ حکومت سے چھٹکارا چاہتی ہے۔ آج پاکستان کی بدترین حالت کی وجہ 2018 کے انتخابات میں کی گئی چوری ہے۔
بلوچستان کے سابق لیگی رہنما پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنا چاہتے تھے جس میں ناکامی کے بعد وہ نواز شریف کے بیانیے کے خلاف باتیں کر رہے ہیں اگر ان میں ہمت ہے تو ہماری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں وہ ہفتے کے روز راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔
تقریب سے سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی خطاب کیا ۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ جب تک آئین کی بالادستی نہیں ہوگی تب تک ملک ترقی نہیں کرے گا آج ملک میں ترقی رک گئی ہے بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافہ ہوچکا ہے بیروزگاری بڑھ گئی ہے۔
ہمارا کسی ادارے سے کوئی اختلاف نہیں مسلم لیگ ن ملک میں آئین کی بالادستی چاہتی ہے آپ نے کراچی کوئٹہ گوجرانوالہ میں عوامی اجتماعات دیکھے اب پشاور ملتان اور لاہور میں مزید عوامی اجتماعات دیکھیں گے۔ آج پورے ملک میں جگہ جگہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آ کر گو گو کے نعرے لگا رہی ہے۔
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنی خطاب میں کہا کہ جنہوں نے کشمیر کے حوالے سے سیکورٹی اداروں کی بات نہ مان کر کشمیر کو حلوہ بنا کر بھارت کو پیش کر دیا ہے وہ آج ہمیں غداری کے سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں پاکستان مسلم لیگ ن ہی پاکستان کی معیشت کو مضبوط کر سکتی ہے۔