کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ملک دشمن عناصر کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہونے جارہی ہے۔گلگت بلتستان کے محب وطن لوگ نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کرتے ہیں۔
بیگم صفدر، فرزند زرداری الیکشن سے قبل ہی شکست خور لہجہ اختیار کرچکے ہیں۔ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بیگم صفدر بتائیں کہ الیکشن میں ان کے کل کتنے امیدوار ہیں۔گلگت بلتستان الیکشن میں محب وطن، شعور کا مقابلہ جاگیردارانہ سوچ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت کی عوام جانتی ہے کہ سندھ میں بچے بھوک اور کتوں کے کاٹنے سے مررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کی عوام جانتی ہے سندھ کے لوگ گٹروں کا ملا ہوا پانی پی رہے ہیں۔گلگت بلتستان کی عوام جانتی ہے کہ سندھ کے لوگ لاشیں اور زخمی رکشوں گدھ گاڑیوں پر لیکر جاتے ہیں۔
گلگت بلتستان کی عوام جانتی ہے کہ فرزند زرداری کا اثاثہ اومنی، ایان، عزیر بلوچ، ڈاکٹر عاصم ہیں۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیاب ہو کر گلگت کی عوام سے کئے ہوئے تمام تر وعدوں کو تکمیل تک پہنچائیں گے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنا کر عوام کی محرومیاں دور کریں گے۔ گلگت کی عوام کے پاس اپنے بہتر مستقبل کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ کوئی اور آپشن موجود نہیں۔ گلگت کی عوام الیکشن سے قبل ہی اپنا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں دے چکی ہے۔