کراچی:صدر پی ٹی آئی کراچی و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف زہر اگلنے والوں کو گلگت بلتستان کی عوام نے مسترد کردیا ہے۔ گلگت بلتستان میں کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی اور اتحادی امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انشاء اللہ تحریک انصاف گلگت بلتستان میں حکومت بنانے جارہی ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی تاریخی شکست دراصل انصاف کی جیت ہے۔
اپوزیشن دھاندلی کے الزامات لگانے کے بجائے الیکشن کمیشن کو دھاندلی کے ثبوت پیش کرے۔ الزامات کی سیاست کرنا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا وطیرہ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار خرم شیر زمان نے انصاف ہاوس سے جاری بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول اپنے والد کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔
زرداری کے بعد اب بلاول ملک کو لوٹنے کا سوچ رہا ہے۔پیپلز پارٹی کی تاریخی کرپشن کی کہانیاں دنیابھر میں مشہور ہوگئی ہیں۔
صوبہ سندھ کی حالت زار پورا ملک جانتا ہے،پیپلز پارٹی نے بھٹو کے نام پر سندھ کی عوام جو دہائیوں سے بیوقوف بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کافوج مخالف بیانیہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز شریف غدار ہیں۔ن لیگ کی حمایت کرنے والے بھی اس ملک کے غدار ہیں،گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت کی عوام بھی حق و سچ کے ساتھ ہے۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ناپاک عزائم پوری دنیا کے سامنے آچکے ہیں۔خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔حق و انصاف کی حکومت میں آج بیرون ممالک پاکستانی سر اٹھا کر جی رہے ہیں۔
دریں اثناء پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی کابینہ کے اراکین نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں پی ٹی آئی کراچی کے نائب صدر و چیئرمین کورنگی فش ہاربر کیپٹن(ر) رضوان خان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں کیپٹن(ر) رضوان خان اور ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالی مرحوم کے اہل خانہ کو یہ صدمہ بردارشت کرتے کی ہمت عطا فرمائے۔ مرحوم کی مغفرت اور درجات میں بلندی کے لئے دعا گو ہیں۔