لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘کے نعرے والے فیس ماسک تیار کرا لئے، رہنماؤں اور کارکنوں کو ’’ووٹ کو عزت دو ‘‘ کی تحریر والے ماسک پہنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے 5 لاکھ خصوصی ماسک تیار کروا لئے ہیں جن پر ’’ ووٹ کو عزت دو ‘‘ کا نعرہ تحریر ہے ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے جلسوں میں مذکورہ ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ پنجاب میں کنونشنزاور جلسوں کے دوران شرکاء مفت ماسک فراہم کئے جائیں گے ۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) پارٹی پرچموں پر بھی ’’ووٹ کو عزت دو ‘‘کا نعرہ لکھوا کر تقسیم کرے گی، لاہور کے 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے میں بھی شرکا ء کو یہی ماسک تقسیم کیے جائیں گے۔
دوسری جانب لاہور کے بعد راولپنڈی میں بھی مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نوازاورمسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ایاز صادق کے خلاف ان کی تصاویر پر مبنی بینر آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،واساکمپلیکس اور پولیس ریسکیو15کی بیرونی دیوار کے مرکزی داخلی دروازے پر نامعلوم افراد کی جانب سے لگائے گئے بینر پر میاں نواز شریف،ان کی صاحبزادی مریم نوازاورمسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ایاز صادق کی تصاویر کے گلے میں پھانسی کا پھندا دکھایا گیا ہے ۔