لاہور: پاکستان ڈیموکریٹ موونٹ کا لاہور جلسہ ناکامی سے دوچارہوگیا، زندہ دلان لاہور نے نوازشریف کا بیانیہ مسترد کردیا، خطاب کے دوران عوام پنڈال سے چلے گئے۔
پی ڈی ایم نے گزشتہ روز مینار پاکستان پر جلسے کا اہتمام کیا جس میں دعوؤں کے برعکس عوام نے قلیل تعداد میں شرکت کی، جلسے محمود خان اچکزئی، آفتاب خان شیرپاؤ، امیر حیدر ہوتی، میاں افتخار حسین، مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان اور نوازشریف نے خطاب کیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خطاب کے دوران پنڈال میں عوام پرجوش نعروں سے جواب دیتے رہے، مریم نواز کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے خطاب میں بھی کارکنان موجود تھے تاہم مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا خطاب شروع ہونے پر پنڈال خالی ہونا شروع ہوگیا۔
سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے بیانیہ کو عوامی پذیرائی حاصل نہیں ہوسکی یہی وجہ ہے کہ عوام فوج مخالف تقریر کے دوران پنڈال سے چلے گئے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے سے قبل پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم قیادت کواداروں کیخلاف بیانات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم نوازشریف نے گزشتہ خطابات کی طرح اس بار بھی فوج کو نشانہ بنایا جس کو عوام نے مسترد کردیا۔